اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع بنوں میں فرنٹیر کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر پر ہندوستان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے حملے کے جواب میں چھ دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے اس مقابلے میں فرنٹیر کانسٹیبلری اور آرمی کے چھ جوانوں کی شہادت پر افسوس کااظہار کیاہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دہشتگردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں جس پر مجھ سمیت پوری قوم انکو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےدہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی اور پاک فوج کے 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے ۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف سی اور پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانیں دے کر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جوانمردی سے فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے جانیں نچھاور کرکے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کو ایف سی اور پاک فوج کے دلیر جوانوں پر ناز ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والے شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔قوم شہداء کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی ۔