Home sticky post 4 پی ایس ایل 10 فائنل، تاج کس کے سر سجے گا ،کوئٹہ یا لاہور؟ فیصلہ کن معرکہ آج ہو گا

پی ایس ایل 10 فائنل، تاج کس کے سر سجے گا ،کوئٹہ یا لاہور؟ فیصلہ کن معرکہ آج ہو گا

Share
Share

کراچی:ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی چمچماتی ٹرافی کیلیے 6 ٹیموں کی جنگ 2 تک سمٹ آئی، اتوار کو لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہوگا.

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا فائنل آج کی شب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قلندرز نے سب سے آخر میں پلے آف میں جگہ بنائی مگر پہلے کراچی کنگز اور بعد میں کوالیفائر 2 میں ٹورنامنٹ کی مضبوط سمجھی جانے والی دفاعی چیمپئن ٹیم اسلام آباد کو مات دے کر فائنل میں جگہ بنائی.

بھارتی جارحیت پر لیگ کی معطلی کے بعد قلندرز کو اہم غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑا، سیم بلنگز، ڈیرل مچل اور ڈیوڈ ویزا لوٹ کر نہیں آئے، سکندر رضا آئے تو مگر صرف ایک ہی میچ بعد وہ انگلینڈ سے ٹیسٹ میں زمبابوے کی نمائندگی کیلیے چلے گئے۔

لاہور قلندرز کو یکے بعد دیگر2 ٹائٹلز جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے حارث رؤف اور زمان خان اس بار بجھے بجھے دکھائی دیے، دونوں کافی مہنگے بھی ثابت ہوئے، ان خالی جگہوں کو پْر کرنے کیلیے قلندرز نے سری لنکن جوڑی کوشل پریرا اور بھانوکا راجاپکسے کی خدمات حاصل کیں، جنھوں نے بالترتیب 3 اور 4 ماہ سے ایک بھی ٹی 20 میچ نہیں کھیلا تھا مگر دونوں نے جمعے کو یونائیٹڈ کے خلاف مشترکہ طور پر 48 بالز پر 83 رنز بنائے.

اسی طرح 18 ماہ قبل زمبابوے کے لوگان کپ میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے 31 سالہ سلمان مرزا نے بھی 3 میچز میں 7 وکٹیں لے کر قلندرز کے آگے بڑھنے میں اہم کردار کیا، فخر زمان اور عبداللہ شفیق کے ساتھ محمد نعیم بیٹنگ میں صلاحیتوں کا اظہار کرچکے، ان تمام پلیئرز پر قلندرز کا فیصلہ کن معرکے میں بھی انحصار ہوگا، شاہین آفریدی نے قائدانہ صلاحیتوں، فارم، پیس اور فٹنس پر کیے جانے والے اعتراضات کا جواب فیلڈ میں دیا.

انھوں نے یونائیٹڈ کے خلاف انتہائی کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں بھی اڑائیں ، اب ان کی نگاہیں ٹیم کو 4 برس میں تیسرا ٹائٹل جتوانے پر مرکوز ہیں۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لگاتار 7 میچز سے ناقابل شکست ہیں ، اس نے خود کو ٹائٹل کا مضبوط امیدوار ثابت کیا.

ابتدائی 3 میچز میں صرف ایک فتح حاصل کرنے والی ٹیم نے لیگ راؤنڈ کے باقی 6 میچز جیت کر پلے آف میں جگہ بنائی ، پھر کوالیفائر ون میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو زیر کرکے فیصلہ کن معرکے میں نشست بک کرالی.

2019 میں ٹرافی جیتنے والی ٹیم کوئٹہ کی نگاہیں دوسرے ٹائٹل پر مرکوز ہیں، اس ٹیم کی خوش نصیبی یہ بھی ہے کہ پی ایس ایل کی رواں سیزن میں معطلی کے باوجود اہم ترین اوورسیز کھلاڑی فن ایلن اور رائیلی روسو واپس لوٹ آئے.

اسی طرح سری لنکن جوڑی اویشکا فرنانڈو اور دنیشل چندیمل نے بھی کوالیفائر میں اپنا کردار ادا کر کے ٹیم کو فائنل تک پہنچایا، اس کے ساتھ گلیڈی ایٹرز کا مقامی بولنگ اسٹاک فتوحات میں اہم کردار ادا کررہا ہے، محمد عامر اپنے رعب و دبدبے کا واضح اظہار کررہے ہیں.

اسی طرح ابرار احمد کی اسپن بولنگ حریف بیٹرز کو چکرا چکی ہے، فہیم اشرف بھی آل راؤنڈ کارکردگی سے ٹیم کی فتوحات میں کردار نبھا رہے ہیں، گذشتہ 5 باہمی مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 2، 2 فتوحات حاصل کی ہیں.

رواں ایڈیشن کے پہلے باہمی میچ میں قلندرز نے 79 رنز سے فتح پائی تھی ، یکم مئی کو دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا باہمی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ یاد رہے کہ ایونٹ کی فاتح سائیڈ کو 5 لاکھ ڈالر بطور انعام دیے جائیں گے، رنرز اپ کیلیے 2 لاکھ ڈالر مختص ہیں، دیگر انفرادی انعامات بھی تقسیم ہوں گے ۔

Share
Related Articles

شاہد آفریدی کو کھیل کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلالِ امتیاز عطاء

ایوانِ صدر میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب اسلام آباد: پاکستان کرکٹ...

منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کے کیس میں اہم پیش رفت

لاہور سے گرفتاری کے بعد نئے انکشافات کراچی: کراچی میں گرفتار خاتون...

معرکۂ حق کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر سفارتی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا، سفیر رضوان سعید شیخ

امریکہ میں پاکستانی سفیر کا خصوصی انٹرویو واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے...

اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل سمارٹ سٹی میں بدلنے کا منصوبہ تیزی سے جاری

محسن نقوی کا سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ اسلام آباد: وفاقی وزیر...