کراچی:سندھ کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لیے آئی بی اے سکھر کے زیرِ انتظام ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، صوبے میں قائم 7 امتحانی مراکز میں بیک وقت پرچہ جاری ہے۔
صوبے بھر میں مجموعی طور پر 38 ہزار سے زائد طلبہ امتحان میں حصہ لے رہے ہیں، ایم ڈی کیٹ کراچی، حیدرآباد، جام شورو، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بیک وقت ہو رہا ہے۔
کراچی میں جامعہ کراچی اور جامعہ این ای ڈی میں ٹیسٹ کی نگرانی وائس چانسلر آئی بی اے ڈاکٹر آصف شیخ کر رہے ہیں۔
آصف شیخ نے میڈیا کے سامنے بڑے صندوقوں سے پرچہ نکالا اور بتایا کہ پرچہ سیل ہے اور اس کا کوئی حصہ آؤٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ صندوق بند گاڑی میں لائے گئے جس کی نگرانی کیمرے کر رہے تھے اور پولیس بھی ہمراہ تھی۔
آصف شیخ کا کہنا ہے کہ جوابی کاپی رات 10 بجے سے پہلے جاری کی جائے گی۔