کراچی :پاکستان کے نامور اداکار شان شاہد نے خود کو مغرور کہے جانے پر حقیقت بتا دی۔
شان شاہد نے اپنے بارے میں پائے جانے والے مغرور یا مشکل مزاج کے تاثر پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔
ایک انٹرویو میں شان شاہد نے کہا کہ میں اپنی نجی زندگی میں زیادہ تر اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ وقت گزارتا ہوں اور میرا دائرہ محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر شخص کے ساتھ احترام اور سادگی کے ساتھ پیش آتا ہوں اور کبھی بھی خود کو نمایاں کرنے یا دکھاوا کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔
شان شاہد کا کہنا ہے کہ میرے بارے میں جو یہ بات مشہور کی گئی ہے کہ میں مغرور یا مشکل شخصیت کا حامل ہوں، اس میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا یہ تاثر شاید میری کم گفتگو اور اپنی ذات تک محدود رہنے کی عادت کی وجہ سے بنا ہو، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے کام پر توجہ دیتا ہوں اور اپنی پروفیشنل زندگی کو ترجیح دیتا ہوں، جبکہ ذاتی معاملات کو میڈیا یا عوامی سطح پر زیادہ زیرِ بحث نہیں لاتا۔