کراچی تین ہٹی میں 60 جھگیاں آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں،سامان جل کر خاکستر
Share your love
کراچی: کراچی کے علاقہ تین ہٹی میں پل کے نیچے قائم جھگیوں میں پراسرار طور پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں تقریباً 60 جھگیاں اور ان میں رکھا ہوا سامان خاکستر ہوگیا۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق تین ہٹی پل کے نیچے قائم جھگیوں میں آگ لگنے کی اطلاع شام کو تقریباً 6 بجے ملی تھی اور فائرٹینڈر فوری طور پر روانہ کردیے گئے اور دو گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور مذکورہ مقام کو گھیرے میں لے لیا جہاں 200 سے زائد جھگیاں قائم ہیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا جبکہ فائربریگیڈ کے عملے نے آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے دیگر فائر اسٹیشنز سے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے مجموعی طور پر 9 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا، جھگیاں پل کے نیچے قائم تھیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کو وہاں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جائے وقوع پر موجود جھگیوں کے مکینوں نے الزام عائد کیا کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے اور اس سے قبل بھی جھگیوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور جلنے والی جھگیوں کی تعداد کا فوری طور پر اندازہ نہیں لگایا جا سکا تاہم ایس ایچ او سپر مارکیٹ اسلم بھٹی نے بتایا کہ مذکورہ مقام پر 200 سے زائد جھگیاں ہیں تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں 60 کے قریب جھگیاں اور ان میں رکھا ہوا گھریلو و دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
حکام کے مطابق فائربریگیڈ کے عملے نے آگ مزید پھیلنے سے روکا اور دیگر جھگیوں کو جلنے سے بچالیا۔