وزیراعظم کا میرٹ پر دس لاکھ طلبا کو اسمارٹ فونز دینے کا اعلان
Share your love
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دس لاکھ طلبا و طالبات کو میرٹ پر اسمارٹ فون فراہم کریں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔
اسلام آباد میں عالمی یوم نوجوانان پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں ںے کہا کہ اے آئی آج کے دور میں تعلیم کا جدید ترین ہتھیار ہے اسی طرح آئی ٹی کی تعلیم بھی ہے، میں چین گیا اور دیکھا تو چین کی ترقی نے چودہ طبق روشن کردیے، پاکستان کو بنانے کے لیے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، ہم تمام اخراجات ختم کرکے وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کردیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ دانش اسکول میں موجود بچوں کا تعلق غربت والے طبقے سے ہے، یہاں کروڑوں لوگ ایسے ہیں جنہیں بچیوں کی شادی کے لیے قرض لینا پڑتا ہے اور وہ اسے اتار نہیں پاتے دوسری جانب ایسے بھی لوگ ہیں جن کے ہاں شادیاں بیرون ملک ہوتی ہیں، یہاں مساوات نہیں یہ طبقاتی کشمکش ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اگر صحیح وسائل فراہم کیے تو وہ ملک کو ترقی یافتہ بنادیں گے، اسی لیے لیپ ٹاپ اسکیم جاری ہے، آج اعلان کرتا ہوں کہ دس لاکھ طلبا و طالبات کو میرٹ پر اسمارٹ فون فراہم کریں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی طرح ایک ہزار گریجوٹ بچوں کو زراعت کی جدید تعلیم کے لیے چین بھیج رہا ہوں، آئی ٹی کے میدان میں ہواوے کمپنی سے معاہدہ کیا ہے وہ سالانہ دو لاکھ بچوں کو تربیت فراہم کرے گی، اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز کی بنیاد پر نوجوانوں کو اداروں کا مالک بنانے کی غرض سے بینکوں سے قرض دلوایا جائے گا بجٹ میں یہ پروگرام رکھا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے نیزہ بازی کے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے پورے ہال کو تالیاں بجانے کا کہا جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
انہوں نے ہال میں موجود ہاکی کے کھلاڑیوں سے بھی کہا کہ ہاکی کے کھیل کو دوبارہ سے واپس بلندیوں پر لانے کے لیے کام کیا جائےگا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے کان ویلتھ یوتھ الائنس کا افتتاح کردیا۔