ریاض:سعودی وزارت خارجہ نے نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں متعدد سفارتخانوں کے سامنے ایک انتہا پسند گروپ کی جانب سے قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت نے ایک بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اس طرح کے بار بار کیے جانے والے نفرت انگیز اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات واضح طور پر نفرت اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں ، ایسے اقدامات رواداری، اعتدال پسندی کی اقدار کو فروغ دینے اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے براہ راست متصادم ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات افراد اور ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے ضروری باہمی احترام کو بھی سبوتاژ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈنمارک، سویڈن اور ہالینڈ میں حالیہ مہینوں کے دوران عوامی سطح پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، قرآن پاک کی بے حرمتی پر مسلم ملکوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔