ممبئی: بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نجی ایئرلائن انڈیگو کے کسی بھی اطلاع کے بغیر 4 گھنٹے تاخیر پر شدید برہم ہوگئیں۔اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے فلائٹ میں تاخیر تھی تو ایئرلائن کو مسافروں کو اپ ڈیٹ کرنا چاہیے تھا۔
شروتی ہاسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی نجی ایئرلائن انڈیگو پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے پوسٹ کی ہے، جس میں وہ ادارے کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی وجہ سے فلائٹ میں تاخیر تھی تو ایئرلائن کو مسافروں کو اپ ڈیٹ کرنا چاہیے تھا، اور اس کے لیے کوئی بھی طریقہ اختیار کیا جاسکتا تھا۔ میں اور دیگر مسافر چار گھنٹے ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔
انھوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ میں عام طور پر اس طرح شکایت نہیں کرتی، لیکن آج ایئرلائن نے لوگوں میں افراتفری پیدا کردی۔ ہم چار گھنٹے سے بغیر کسی معلومات کے ہوائی اڈے پر پھنسے ہوئے ہیں۔
اداکارہ کی پوسٹ سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہوگی جس کے بعد ایئرلائن کمپنی کی کسٹمر سروس کو وضاحت دینی پڑی۔
شروتی ہاسن کی پوسٹ پر ایئرلائن کی طرف سے وضاحتی جواب میں کہا گیا کہ ممبئی میں موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر ہوئی، جس کی وجہ سے آپریٹنگ ہوائی جہاز کی آمد متاثر ہورہی ہے۔
بھارتی نجی ایئرلائن نے مزید کہا کہ محترمہ شروتی ہاسن، ہمیں فلائٹ میں تاخیر سے پہنچنے والی تکلیف پر دلی افسوس ہے، ہم بخوبی سمجھتے ہیں کہ انتظار اگر بڑھ جائے تو کتنا تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔