تہران: حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے حوالے سے ایرانی پاسداران انقلاب نے اہم انکشاف کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی خصوصی فوج سپاہِ پاسدارانِ انقلاب نے اپنی تحقیقات میں بتایا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو’شارٹ رینج پراجیکٹائل‘ سے شہیدکیا گیا اور میزائل میں 7 کلوگرام کا وار ہیڈ استعمال کیا گیا جبکہ اس میزائل کو حماس رہنما کی رہائش کے قریب سے فائرکیا گیا۔
پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ یہ حملہ اسرائیل نے “مجرم” امریکی حکومت کی حمایت سے کیا تھا، جس پر تہران کا ردعمل شدید اور مناسب وقت پرہو گا۔
خیال رہے کہ پاسداران انقلاب کے خصوصی انٹیلی جنس یونٹ نے واقعے کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں سابق فوجیوں کے لیے بنائی گئی پاسداران انقلاب کی ایک محفوظ ترین عمارت میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو پُراسرار انداز میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایران اور حماس نے حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔