نگران وزیراعظم کا نام بدھ تک سامنے آجائے گا، رانا ثناء اللہ
Share your love
فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کروانا نگران سیٹ اپ اور الیکشن کمیشن کا کام ہے، بدھ تک نگران وزیراعظم کا نام سامنے آجائے گا۔
فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب میں وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر دیے جا رہے ہیں، اب تک 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم ہو چکے ہیں، شہباز شریف نے 2008ء میں نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ پروگرام شروع کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مکافات عمل کا شکار ہوا ہے، اس کی گرفتاری کسی کے حکم پر نہیں بلکہ عدالتی حکم پر ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی عدالتی کارروائی میں تاخیری حربوں سے کام لیتے رہے، عدالت نے اپنی کارروائی مکمل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے سیاست میں نفرت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا، ان کے کہنے پر جج کے خلاف سوشل میڈیا پر گندا پروپیگنڈا کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے چوری کی ہے اور اس پر ہی اس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹرول اور بلوں میں اضافہ نہیں کیا، ملک ترقی کر رہا تھا، اس پراجیکٹ نے ملک میں نفرت کے بیج بوئے، اس پراجیکٹ کو لانے کے ہم کسی طور پر ذمہ دار نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی اس فیصلے کو بڑی عدالتوں میں چیلنج کر سکتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ جب بھی پاکستان بحران کا شکار ہوا نواز شریف نے ملک کو اس سے نکالا، پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنے جا رہی، جو جتھا ملک دشمنوں کا آلہ کار بنے اس جتھے پر پابندی لگنی چاہیے، الیکشن میں عوام جس کو منتخب کریں اسے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی چاہیے۔