راولپنڈی:چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈا پھیلا رہے ہیں، ریاست ان تمام دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو ان کے شر سے پاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج جنرل ہیڈکوارٹر میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، جو باصلاحیت، محبِ وطن اور پُرعزم عوام کی سرزمین ہے، لوگ صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔ عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی کے ذریعے بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار، خصوصاً نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کاوشوں کو سراہا۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کی پائیدار ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔بشرطیکہ وہ ذاتی یا سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر صوبے کی خوشحالی کے لیے کام کریں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر، فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈا پھیلا رہے ہیں۔ریاست ان تمام دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہےتاکہ بلوچستان کو ان کے شر سے پاک کیا جا سکے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اپنی علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کی براہِ راست یا بالواسطہ خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گاتاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کا اختتام ایک کھلے اور معلوماتی سوال و جواب کے سیشن پر ہوا۔