امریکی بحری جہاز سے غلطی سے فضا میں پرواز کرتے اپنے ہی لڑاکا طیارے ایف اے-18 پر میزائل برسا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غلطی سے کی گئی فائرنگ میں امریکی لڑاکا طیارہ میں آگ بھڑک اُٹھی اور وہ ہچکولے کھاتے ہوئے سمندر برد ہوگیا۔
امریکی فوجی طیارے میں دو پائلٹس سوار تھے جنھوں نے پیرا شوٹ کی مدد سے جہاز سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔
دونوں پائلٹس کو زمین پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ ایک پائلٹ کو معمولی زخم آئے ہیں جنھیں طبی امداد کے بعد اسپتال سے رخصت دیدی گئی۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ بحیرہ احمر کی اُس راہداری پر پیش آیا ہے جہاں ایک سال سے یمن کے حوثی باغی بحری جہازوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔
واقعے کے وقت بھی امریکی افواج یمن میں حوثیوں کو نشانہ بنا کر فضائی حملے کر رہی تھیں جن کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں
تاہم امریکی بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ لڑاکا طیارے پر فائرنگ کسی دشمن ملک یا دہشت گردوں کی جانب سے نہیں کی گئی۔
ترجمان امریکی بحریہ نے مزید کہا کہ یہ واقعہ غلطی سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایف اے-18ہارنیٹ طیارہ، بحیرہ احمر میں امریکی جہازکے قریب سے گزر رہا تھا، میزائل کروز گیٹس برگ نے میزائل مار کر طیارہ غلطی سے مار گرایا۔