Home نیوز پاکستان شیر افضل کی پارٹی سے برطرفی کی وجہ بشریٰ بی بی؟ پارٹی میں کون کون حمایتی؟

شیر افضل کی پارٹی سے برطرفی کی وجہ بشریٰ بی بی؟ پارٹی میں کون کون حمایتی؟

Share
Share

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کو گزشتہ ہفتے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے ذریعے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ شیرافضل مروت کو پارٹی سے بے دخل کرنے اس فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈسپلنری کمیٹی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور کور کمیٹی کے علم میں لائے بغیر شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا۔

شیرافضل مروت کو کیوں نکالا؟

بظاہر تو شیرافضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکالنے کی وجہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی بتائی جاتی ہے تاہم انکا ‘جرم’ اس سے بھی بڑا ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق شیرافضل مروت کی جانب سے نجی محفلوں میں عمران خان کی اہلیہ سے متعلق گفتگو انکے پارٹی سے اخراج کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران شیرافضل مروت نے ایک محفل میں بشری بی بی پر تنقید کی اور اہم فیصلوں پر بشری بی بی کے اثرانداز ہونے کا الزام عائد کیا۔ شیرافضل مروت کی گفتگو محفل میں موجود ایک شخص نے ریکارڈ کرلی جو بعد میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کے دو ارکان تک پہنچ گئی۔ کور کمیٹی ارکان نے شیرافضل مروت کی مبینہ گفتگو عمران خان کے علم میں لائے جس کے بعد شیرافضل مروت پر پارٹی کے دروازے بند کردیے گئے۔

پی ٹی آئی میں شیرافضل مروت کا مخالف کون ہے؟

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کچھ مرکزی رہنماؤں کے دباؤ پر شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا۔ شیرافضل مروت نے الزام عائد کیا ہے کہ انکو ایک سازش کے ذریعے پارٹی سے نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا مجھے نہ تو کسی نے سننے کا موقع دیا اور نہ ہی کبھی کوئی پوچھ گچھ کی گئی۔

بشریٰ بی بی اور شیرافضل مروت کے درمیان کشیدگی تقریباً ایک سال پرانی ہے۔ اکتوبر 2023 میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے دوران بشریٰ بی بی نے کمرہ عدالت شیرافضل مروت کو ڈانٹ پلائی تھی۔

شیرافضل مروت کے حامی کون ہیں؟

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت کئی ارکان پارلیمنٹ نے شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے شیرافضل مروت کو پارٹی سے بےدخل کرنے کا فیصلہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ شیرافضل مروت جلد پارٹی میں واپس آجائیں گے۔

پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی شاندانہ گلزار اور جنید اکبر نے شیرافضل مروت کی پارٹی کے لیے قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے پارٹی سے بےدخلی کے فیصلے پر عمران خان سے بات کرنے کا اعلان کیا۔

رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے دیرینہ رہنماء جنید اکبر نے کہا “شیر افضل خان مروت نے پارٹی اور کارکنان کا اُس وقت ساتھ دیا جب پی ٹی آئی کا نام لینا تو دور کی بات کوئی گھروں سے نہیں نکل سکتے تھے اس وقت یہ شیر نکلا۔ انہوں نے دن رات محنت کی اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ وہ (شیرافضل مروت) ہمیشہ پارٹی کے وفادار رہے۔ انشاءاللہ جلد غلط فہمیاں دور ہونگی اور وہ دوبارہ پارٹی میں بحال ہونگے”۔

شیرافضل مروت کی تحریک انصاف میں واپسی کیسے ہوگی؟

منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے شیرافضل مروت کی موجودگی میں میڈیا کو بتایا کہ شیر افضل مروت سے متعلق نوٹی فیکیشن غلط فہمی کی بنا پر نکلا۔ نہ عمر ایوب نے مجھے کچھ بتایا نہ مجھے اسکا علم تھا۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا شیر افضل کو خان صاحب سے ملنے کی دعوت بھی دی ہے، شیر افضل تیار ہے ، ایک دو دن صبر کریں اچھی خبر ملے گی۔

اس سارے معاملے پر ‘اے بی سی اردو’ نے شیرافضل مروت سے انکا موقف شامل کرنے کے لئے متعدد بار رابطہ کیا تاہم انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے شیرافضل مروت کو پارٹی سے بے دخلی کے معاملے پر ردعمل دینے سے روک رکھا ہے۔

Share
Related Articles

شیر افضل مروت اچھے آدمی، لیکن ایک اَن گائیڈڈ میزائل ہیں، لطیف کھوسہ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور سینئر وکیل سردار...

تحریک کے جنید اکبر بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب

اسلام آباد:حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے پاکستان تحریک انصاف کے...

کے پی میں نگران دور میں بھرتی 16 ہزارسے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواحکومت نے نگراں دور میں مختلف سرکاری محکموں...

ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد:ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان 12 سے 13 فروری تک...