سیالکوٹ:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےکہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں اللہ کی مدد سے پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل کی، ہماری پوری قوم “بنیانِ مرصوص”سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی تھی، ہمارے بہادر جوانوں کا جذبہ حب الوطنی دیدنی تھا جو اپنے وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاورکرنے کو باعث فخر سمجھ رہے تھے اور اپنی دھرتی ماں کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے تھے، میں اس لمحے کا بھی عینی شاہد ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی (جی سی ڈبلیو یو )سیالکوٹ میں یومِ دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے اس تاریخی معرکے کو “بنیانِ مرصوص” کا نام دیا۔ جنگ کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ ان بہادر نوجوانوں سے ملاقات کی جنہوں نے بھارتی ایئر فورس کا مقابلہ کیا ، ان میں ایک بیٹی بھی شامل تھی، وہ منظر اتنا روح پرور تھا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے اور میں بیان نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ایئر بیس پر نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر دل فخر سے بلند ہوا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ شہید میجر رمضان نے اپنے ساتھی کو بچاتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہید کی والدہ نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء قوم کے اصل محسن ہیں۔ ہم نے جنگ لڑی اور اللہ تعالیٰ نے کمال مہربانی فرمائی اور ہمیں فتح نصیب ہوئی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ہمارے مٹھی بھر جہازوں نے دشمن کے سینکڑوں طیاروں کا دلیری سے مقابلہ کیا “ٹھیک ٹھیک”نشانے لگا کر تاریخ رقم کردی اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بھارتی قیادت آج تک زخم چاٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان ناقابل شکست ہے، اللہ تعالیٰ نے قوم کو ایسے لمحات عطا کیے جو ہمیشہ یاد رہیں گے، پاکستانی عوام جہاں بھی جائیں دنیا میں فخر سے سر بلند ہوتا ہے۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے قرات،نعت اور کلام اقبال سنا کر سماں باندھ دیا ہے۔