چنئی: آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کا پانچواں میچ آسٹریلیا اور بھارت کے مابین جاری ہے کینگروز کی پانچویں وکٹ 119 رنز پر گرگئی۔
میچ کے آغاز پر ہی آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گر گئی، آسٹریلوی اوپنر مچل مارش بغیر کوئی سکور بنائے جسپریت بمراہ کی گیند پر آوٴٹ ہوئے، آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 74 رنز پر گری، ڈیوڈ وارنر 52 گیندوں پر 41 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، اسٹیو سمتھ بھی بیٹنگ لائن کو مضبوط سہارا نہ دے سکے اور 46 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند بولڈ ہوگئے۔
کینگروز کی چوتھی وکٹ 119 رنز کے مجموعی سکور پر گری، آسٹریلوی بلے باز لبوشین 27 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے، ایلکس کیری بغیر کھاتے کھولے صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں بھارتی شہر چنئی کے چدم بھرم سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ کنڈیشنز کے حساب سے ہماری ٹیم متوازن ہے، ہماری ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے، کوشش کریں گے اس پچ پر اچھا سکور کریں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ یہاں کی کنڈیشنز باوٴلرز کیلئے سازگار لگ رہی ہیں، شبمن گل ڈینگی کے سبب میچ کیلئے دستیاب نہیں، شبمن گل کی جگہ ایشان کشن اوپننگ کریں گے۔
خیال رہے کہ مقامی محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دونوں ٹیموں کا یہ اس ورلڈ کپ میں پہلا میچ ہے جبکہ باقی ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، ایشان کشن، ویرات کوہلی، شریاس، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، روی چندران اشون، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج جبکہ آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنوس لیبوشین، گلین میکسویل، ایلکس کیری، کیمرون گرین، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں