اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ آج کے دن 1998 کو چاغی میں ہونے والے ایٹمی تجربات پاکستان کی دفاعی خودمختاری، قومی وقار اور تکنیکی مہارت کا سنگِ میل تھے۔ یہ دن قوم کے اتحاد، اعتماد اور عزم کا مظہر ہے۔
یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے سابق وزرائے اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو، میاں محمد نواز شریف اور ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنی قیادت، عزم اور محنت سے پاکستان کو مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنایا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکوں کی منظوری دینا ایک تاریخ ساز فیصلہ تھا، جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور قومی وقار کو نئی جہت بخشی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمارے سائنسی و عسکری عزم، پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی وحدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت ہماری خود انحصاری اور دفاعی خودکفالت کی عکاس ہے۔ آج کا دن دشمن کو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ ہماری دفاعی تیاری اور عسکری صلاحیتوں کا مظہر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے جدید ٹیکنالوجی اور بہترین حکمت عملی سے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور ملک کی بحری، بری و فضائی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی یوم تکبیر کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی مدبرانہ رہنمائی نے ریاستی اداروں میں ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی امن پر مبنی ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کے دفاعی نظام اور اسٹریٹیجک کمانڈ کے ہوتے ہوئے وطن کی طرف اٹھنے والی ہر میلی نظر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستانی عوام کے جذبہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف عسکری طور پر مضبوط ہے بلکہ عوامی اتحاد اور ایثار کی قوت سے بھی ناقابلِ شکست ہے۔ یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی سلامتی صرف ہتھیاروں سے نہیں، بلکہ قومی اتحاد، یکجہتی اور جذبہ ایثار سے وابستہ ہے۔
سردارایاز صادق نے مسلح افواج کے شہداء، پاک بھارت کشیدگی کے دوران شہید ہونے والے شہریوں اور دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والے 90 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن اور باوقار ریاست ہے جو دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ تکبیر کے پیغام کو زندہ رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، محفوظ اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔