واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوبارہ حملہ کر دے گا۔
ائیرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہئے، وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوسرا حملہ بھی کرے گا۔
امریکی صدر نے وینزویلا میں اقتدار سنبھالنے والی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز اور خطے کے دیگر ملکوں کو بھی دھمکیاں دیں اور کہا کہ ڈیلسی روڈریگز نے درست کام نہیں کیا تو مادورو سے بھی زیادہ بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ڈیلسی روڈریگیز کو امریکی مطالبات ماننا ہوں گے ورنہ ان کو نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں، وینزویلا ممکن ہے امریکی مداخلت کا آخری ملک نہ ہو، ہمیں گرین لینڈ کی ضرورت ہے، گرین لینڈ امریکی دفاع کیلئے ضروری ہے جو چینی اور روسی جہازوں سے گھرا ہوا ہے۔