اسلام آباد:قومی اسمبلی کا الوداعی سیشن بھی ارکان اسمبلی کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام، ارکان اسمبلی کی اکثریت ایوان سے غائب، اجلاس کے پہلے روز حکومت نے سول ایوایشن اٹھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے سے متعلق پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی بل2023 پاکستان سول ایوی ایشن بل2023متفقہ طور پر منظور ، پیمرا ترمیمی بل2023 سمیت 9بل پیش کر د یئے۔
قومی اسمبلی کا الوداعی سیشن کا پہلا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا ۔
اجلاس میں وزیرہوابازی خواجہ سعد رفیق نے پاکستان سول ایوی ایشن کو دوحصوں میں تقسیم کرنے سے متعلق قوانین منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیے جس پر قومی اسمبلی نے پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے قیام سے متعلق پاکستان ایئرپورٹس بل2023اورشہری ہوازی بازی سے متعلق پاکستان سول ایوی ایشن بل 2023کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا سول ایوی ایشن کی تقسیم بین الااقوامی ضرورت ہے جس کی موجودہ حالات میں اشد ضرورت تھی انہوں نے یقین دلایا کہ سول ایوی ایشن کی تقسیم سے کسی ملازم کو نوکری سے برخاست نہیں کیا جائیگا ،،ان قوانین کی مدد سے پاکستان پر عالمی سطح پر پابندیوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کا اس سال خسارہ 80 ارب روپے ہے اگر یہ دو تین سال چلتا رہا تو 250ارب روپے تک پہنچ جائے گاکیا ہماری معیشت اڑھائی سو ارب روپے کی متحمل ہوسکتی ہے؟۔
خواجہ سعد رفیق کاکہنا تھا کہ ایک سابق وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے پی آئی اے کو تباہی کے دھانے لاکھڑا کیا کوئی ملک ہمیں طیارے لیز پر دینے کو تیار نہیں بہت سے ممالک میں پی آئی اے جانہیں سکتی جدہ ریاض سمیت دنیا کے بہت سے ایئرپورٹس آوٹ سورس ہیں ۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بل2023،نیشنل آرکائیوز ترمیمی بل ، انسداد اغراق محصولات ترمیمی بل ,2023پریس کونسل آف پاکستان ترمیمی بل 2023 ,قومی ادارہ صحت باز تنظیم ترمیمی بل 2023 ،ایپو سٹائل ترمیمی بل 2023 قومی ،گن اینڈ کنٹری کلب بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کیے جنہیں اسپیکر قومی اسمبلی نے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا ۔
بعد ازاں اجلاس آج (جمعہ )صبح گیا رہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔