اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے سرکاری سکیم کے حاجیوں کو مزید رقم واپس کرنے کی نوید سناتے ہوئے بتایا ہے کہ رقوم کی ادائیگی پیر کے روز سے شروع کر دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلحہ محمود نے کہا کہ پہلے سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والوں کو 55 ہزار روپے واپس کئے، اب مزید 97 ہزار روپے حاجیوں کو واپس کروں گا۔
طلحہ محمود نے اعلان کیا کہ رقوم کی ادائیگی پیر کے روز سے شروع کر دی جائے گی، کوشش ہے کہ حاجیوں کا جو پیسہ بچ گیا اس کا ایک ایک روپیہ واپس کروں۔
انہوں نے کہا کہ 2024ء کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 کا حج کوٹہ ساتھ لے کر آئے ہیں، محمود پوری کوشش کی ہے کہ حج انتظامات میں کوئی کمی نہ رہے، انہوں نے تجویز دی کہ بحری جہاز، زمینی راستہ، سستی رہائش گاہیں لے کرحج سستا ہوسکتا ہے۔
طلحہ محمود نے کہا کہ چاہتے ہیں اگلےسال حج کو مزید سستا کریں، حجاج کرام کو 12 ارب روپے مزید واپس کر رہے ہیں، حجاج کرام کو 4 ارب روپے مناسک حج سے پہلے واپس کیے، پیر والے دن حاجیوں کے اکاؤنٹ میں پیسے ٹرانسفر ہونا شروع ہو جائیں گے۔