چنئی: اییشن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دے دی۔شکست کے بعد پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
بھارت کے شہر چنئی میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کھیلا گیا جو بھارت نے صفر کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلے کوارٹر میں شاندار کھیل پیش کیا گیا اور پاکستان کے یقینی گول کو بھارتی ڈیفنڈر روکنے میں کامیاب ہوگئے۔
بھارت کی جانب 13 ویں اور 23 ویں منٹ میں کپتان ہرمپیت سنگھ نے دو گول داغے جبکہ تیسرا گول 36 ویں منٹ میں جوگراج سنگھ نے اسکور کیا۔ تینوں گول پینلٹی کارنر کے ذریعے لگائے گئے۔
بھارت کی جانب سے چوتھا گول آخری کوارٹر کے 55 ویں منٹ میں اکشدیپ سنگھ نے اسکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کے اختتام تک متعدد بار کوشش کے باوجود گول نہیں ہوسکا۔
بھارت سے شکست کے بعد پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ قومی ٹیم اب پانچویں پوزیشن کے لیے چین سے کھیلے گی۔