اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف دائر ایل این جی ریفرنس خصوصی عدالت کو بھیج دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف دائر ایل این جی ریفرنس عدالتی دائرہ اختیار نہ ہونے پر اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کو بھجوادیا۔
شریک ملزمان کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت ریفرنس عدالتی دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، شیخ عمران الحق، آغاجان اختر، سعید احمد خان، عامر نسیم، عظمی عادل خان، شاہد ایم اسلم، حسین داؤد، عبدالصمن داؤد، ایم ایس کیو ای ڈی کنسلٹنٹ، ماورک ایڈوائزری، محمد امین، عبداللہ خاقان عباسی اور چوہدری محمد اسلم شریک ملزمان میں شامل ہیں۔
شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے عبداللہ خاقان عباسی کے علاوہ دیگر ملزمان کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کر رکھا تھا۔