نگراں وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کا کہنا ہے کہ اداروں کی نجکاری سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، نگراں وزیر خزانہ کی وجہ سے 48 گھنٹوں میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کیلئے پیسوں کا انتظام کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ نگراں حکومت کے اقدامات سے پی آئی اے کا آپریشن رواں دواں ہے، ایسی باتیں سننے کو ملیں کہ 3 مہینے میں پی آئی اے بند کر دیں گے، نجکاری کا کوئی ایجنڈا اس نگراں حکومت کا ہے تو یہ بات غلط ہے۔
فواد حسن فواد نے کہا کہ نجکاری کا عمل 2001 سے شروع ہوا، نجکاری کرنا ہمارا مینڈیٹ نہیں، ہمارا کام جاری مینڈیٹس آگے لے کر چلنا ہے، نگراں حکومت سے متعلق نجکاری کے معاملے پر غلط خبریں چلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے نگراں حکومت کو اختیارات دیے، نجکاری کے عمل کے ہر مرحلے کا مقررہ وقت ہے، پی آئی اے کو جون سے سنگین مسائل کا سامنا رہا، جون سے جو کام نہیں ہو سکا وہ ہم نے 48 گھنٹوں میں کر لیا۔
فواد حسن فواد نے کہا کہ پی آئی اے کو فیول ملنا شروع ہو گیا، پروازیں معمول پر ہیں، ہم جو کر رہے ہیں اُس کا اختیار ہمیں منتخب حکومت دے کر گئی ہے۔