لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو ضرور پاکستان آئیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا وسیع تجربہ ہے، قائد مسلم لیگ ن کو جب جب اقتدار سے نکالا گیا تو کہا گیا ان کی سیاست ختم ہوگئی مگر وہ ہمیشہ مضبوطی کے ساتھ واپس آئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے ملک کو انتشار کی جانب دھکیلا، 50 لاکھ گھروں کے خواب دکھانے کے بعد لوگوں کو لنگرخانے دیئے گئے، 2017 میں پاکستان کو 24 بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کی بات ہو رہی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013 میں لوڈشیڈنگ جیسے بڑے جن کو بوتل میں بند کیا گیا، ہمارے دور میں سی پیک جیسا بڑا پراجیکٹ پاکستان میں شروع کیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 2017 میں دراصل نوازشریف کے ساتھ نہیں ملکی ترقی کے خلاف سازش کی گئی، پروپیگنڈا کیا گیا کہ نوازشریف واپس نہیں آ رہے، نوازشریف 21 اکتوبر کو ضرور واپس آئیں گے۔