کولکتہ : بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ جاری ہے ۔
ئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں گرین شرٹس کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی کمان جوز بٹلر کے ہاتھوں میں ہے۔
گرین شرٹس کو فائنل فور مرحلے کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے انگلش ٹیم کو 287 رنز کے بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا، دوسری صورت میں قومی ٹیم کو وطن واپسی کا ٹکٹ کٹوانا پڑے گا۔
کرکٹ کے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک اپنے 8،8 میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے قومی ٹیم 4 میچز میں فاتح رہی اور 4 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلش ٹیم 8 میچز میں سے صرف 2 میں ہی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور 6 میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
شاہین پوائنٹس ٹیبل پر8 پوائنٹس کیساتھ 5ویں جبکہ انگلینڈ4 پوائنٹس کیساتھ 7ویں نمبر پر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونیوالے ون ڈے میچز کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 91 ون ڈے میچز کھیلے گئے جن میں سے 56 میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی جبکہ 32میچز پاکستان نے جیتے اور 3 بغیر نتیجہ رہے۔
ورلڈ کپ کے میچز میں قومی ٹیم کو انگلینڈ پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 10 بار مدمقابل آئیں، 5 میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ 4 میچز میں جیت انگلش شیروں کے نام رہی جبکہ ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔