ایلون مسک کا ایکس میں لنک پوسٹس میں ہیڈلائن دوبارہ دکھانے کا فیصلہ

نیویارک:ایلون مسک نے ایکس میں لنک پوسٹس میں ہیڈلائن دوبارہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے اکتوبر 2023 میں اچانک ایک تبدیلی کی تھی جس کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ویب لنک پوسٹ کے پریویو کارڈ سے ہیڈلائن یا ٹیکسٹ کو ہٹا دیا گیا تھا۔

مگر اب کمپنی نے اس تبدیلی پر یوٹرن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا کہ ویب لنکس کے پریویو کارڈ میں ہیڈلائن یا ٹیکسٹ دکھانے کا سلسلہ پھر شروع کیا جا رہا ہے۔

ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے لکھا کہ جلد ایک اپ ڈیٹ کی جائے گی جس کے بعد ویب لنک کے پریویو کارڈ میں تصویر کے اوپری حصے میں ہیڈلائن موجود ہوگی۔

البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ اپ ڈیٹ کب تک کی جا رہی ہے، ایلون مسک نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اپنا ذہن کیوں بدلا ہے۔

خیال رہے کہ جب اکتوبر میں پریویو کارڈ سے ٹیکسٹ کو ہٹایا گیا تھا تو اس وقت ایلون مسک نے کہا تھا کہ اس سے پوسٹس زیادہ بہتر نظر آئیں گی، لنک پوسٹس سے ہیڈلائن ہٹانے کے فیچر پر اگست 2023 میں کام شروع ہوا تھا۔