Physical Address
304 North Cardinal St.
Dorchester Center, MA 02124
Physical Address
304 North Cardinal St.
Dorchester Center, MA 02124
واشنگٹن: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان میں حکام اور سیاسی رہنماوٴں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات کے بعد کی صورتحال کو جلد از جلد پْر امن انداز اور قانونی طریقوں سے حل کریں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں پریس بریفنگ کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے پاکستان میں جنرل الیکشن کے بعد دھاندلیوں کے الزامات اور آزادی اظہارِ رائے کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جوابات دیئے۔
ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس پاکستان میں الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر حکام پر ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے پر زور دیتے ہیں جو تناوٴ کو بڑھا یا بھڑکا سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور حکام سمیت سیاسی جماعتوں سے پْرامن رہنے اور تشدد کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مکمل احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے الیکشن تنازعات اور مسائل کا حل قائم کردہ قانونی فریم ورک کے ذریعے چاہتے ہیں جو پاکستانی عوام کے مفاد میں ہو۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان میں ہونے والے الیکشن میں موبائل، نیٹ سروس کی بندش اور پْرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اپنے گزشتہ بیان میں انتونیو گوتریس نے انتخابی مہم اور ووٹنگ کے دوران سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے خلاف تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ امریکا نے بھی پاکستان میں ہونے والے الیکشن میں دھاندلی، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اور متعدد امیدواروں کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کا موقع نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن نتائج کی چھان بین کی ضرورت پر زور دیا تھا۔