Home Uncategorized غزہ کے لاکھوں فلسطینیوں سے قحط محض ایک قدم فاصلے پر ہے، اقوام متحدہ

غزہ کے لاکھوں فلسطینیوں سے قحط محض ایک قدم فاصلے پر ہے، اقوام متحدہ

Share
Share

واشنگٹن:اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں تک امداد پہنچانے میں رکاوٹ بن رہا ہے جس کی وجہ سے غزہ میں پونے چھ لاکھ افراد قحط کا شکار ہونے سے بس ایک قدم دور ہیں۔

عرب میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے یہ تنبیہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گذشتہ روز، غزہ میں خوراک کے حصول کے لیے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی ویڈیو فوٹیجز وائرل ہوئی ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ ان نہتے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں کتنے افراد شہید اور زخمی ہوئے تاہم اقوام متحدہ کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل بڑے ’ منظم ‘ انداز میں امداد کو فلسطینی باشندوں تک پہنچنے سے روک رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی امداد کی ایجنسی ( او سی ایچ اے ) کے ڈپٹی چیف نے غزہ میں فوڈ سیکیورٹی پر ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس کو بتایا کہ فروری کے اختتام پرغزہ میں پانچ لاکھ 76 ہزار افراد قحط کا شکار ہونے سے محض ایک قدم کے فاصلے پر ہیں۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق شمالی غزہ میں دو سال سے کم عمر ہر6 میں سے ایک بچہ خوراک کی شدید کمی کا شکار ہے، اور اگر اس سلسلے میں کچھ نہ کیا گیا تو پھر غزہ میں وسیع پیمانے پر قحط پڑ جانے کا خطرہ ہے جس کے نتیجے میں جنگ کا نشانہ بننے والے ( فلسطینی باشندوں) کی تعداد مزید بڑھ جائے گی۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے امدادی گروپوں کوغزہ میں رسد پہنچانے میں بڑھتی ہوئی رکاوٹوں کا سامنا ہے، ان رکاوٹ میں سڑکوں کی بندش، باہر جانے اور گفت وشنید کرنے پر پابندی، غیرضروری طور پر طویل پروسیجر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور زمین پر بکھرا ہوا ’ زندہ‘ گولہ بارود شامل ہے۔

علاوہ ازیں امدادی قافلوں کو بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے گولہ باری کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ضرورتمند لوگوں تک امداد پہنچانا ممکن نہیں رہتا، اسرائیل فوج کی جانب سے امدادی کارکنان کو ہراساں بھی کیا جاتا ہے۔

او سی ایچ اے کے مطابق اس نوع کی رکاوٹیں کھڑی کرکے ا سرائیل نے غزہ تک امداد کی ترسیل تقریباً ناممکن بنادی ہے۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے پانچویں مہینے میں داخل ہوچکے ہیں، ان حملوں میں کم از کم 29878 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں سے بیشتر بچے اور عورتیں ہیں۔

Share
Related Articles

بہترین انتظامات کے باعث بسنت کا مزہ دوبالا ہو گیا،غیر ملکی شہری بھی پتنگ بازی کے جوش میں شامل

لاہور میں بہترین انتظامات کے باعث بسنت کا مزہ دوبالا ہو گیا۔شہریوں...

نئی سوچ، جدت پسندی اور بدلتے زمانے کے تقاضوں کو اپنانا ہی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،مصدق ملک

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ...

پاکستان دشمنی میں مبتلا بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

اسلام آباد:گودی میڈیا جھوٹ، فریب اور پروپیگنڈا کے ہتھیار سے خطہ میں...

ایپل نے آئی فون سیریز کا 17 واں ایڈیشن متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا :ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی فلیگ شپ ڈیوائس آئی فون 17...