ایران نے کارروائی کی تو براہ راست حملہ کر دیں گے، اسرائیل

تل ابیب: اسرائیل نے ایران کو دھمکی لگائی ہے کہ اگر تل ابیب پر حملہ کیا گیا تو ایران پر براہ راست حملہ کر دیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دھمکی آمیز بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے کہا ہے کہ اگر ایران نے اپنی سرزمین سے اسرائیل کو حملوں کا نشانہ بنایا تو اس کا جواب بھی ایران کے اندر حملے کر کے دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کی پوسٹ گزشتہ روز سامنے آئی، اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک تقریر میں اسرائیل کو دمشق میں قونصل خانے پر حملے کی سزا دینے کی دھمکی دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ دراصل ایرانی سرزمین پر حملے کے مترادف ہے اور اس کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر حملے کے بعد ایران اور اسرائیل میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، یکم اپریل کے ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے نے اس کو مزید بڑھاوا دیا ہے۔

ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ لبنانی سرحد سے اور یمنی حوثی بحیرہ احمر میں اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔