اسلام آباد: وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ زیادہ مہنگے آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں، آئی پی پیز سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں جس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق بہت جلد اس پر کوئی نہ کوئی فیصلہ ہوگا۔
توانائی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب میں 10 فیصد تک کمی ہوگئی، آئی پی پیز کے حوالے سے بہت کچھ کررہے ہیں دیکھ رہے ہیں کہ کس آئی پی پی کا کتنا عرصہ باقی رہ گیا، کس آئی پی پی سے ہمیں کتنا فائدہ اور کتنا نقصان ہے ہم ان عوامل کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وزیر توانائی نے کہا کہ زیادہ مہنگے آئی پی پیز کو نکالنے کا کیا طریقہ ہے اس کی قیمت کیا ہوگی یہ سب دیکھنا ہوگا، آئی پی پیز کو نکالنے کی قیمت کیا آج ہم برداشت کرسکتے ہیں؟ آئی پی پیز کے معاملے کو مختلف حوالوں سے دیکھا جارہا ہے، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق بہت جلد اس پر کوئی نہ کوئی فیصلہ ہوگا۔
اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز کے خاتمے والے شیخ رشید صاحب قسم کے بیانات نہیں دے سکتے، بجلی ٹیرف بڑھنے سے جنوری کے بعد ایڈجسٹمنٹ نہ ہونے سے قیمتیں کم رہیں گی۔