اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر عدالت نے دلائل طلب کرلیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان کی ویڈیو لنک یا فزیکلی حاضری کی ہدایت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائیکورٹ میں ایک کیس میں مصروف ہیں۔ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ اب جلدی سماعت نہیں رکھی جا سکتی ، سماعت چھٹیوں کے بعد ستمبر تک ملتوی ہوگی، بعد ازاں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے۔
یاد رہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول میں 2 جب کہ تھانہ رمنا ، سیکرٹریٹ ، کوہسار ، اور تھانہ کراچی کمپنی میں ایک ایک مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک جعلی رسیدوں کا اور 5 مقدمات 9 مئی واقعات کے تناظر میں درج ہیں۔