اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی اسلامی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ ڈاکٹر ذاکر نائیک پر فخر کرتی ہے کیونکہ انہوں نے دنیا بھر میں اسلام کا درست تشخص پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے سامعین میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، جو ایک مثبت علامت ہے۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیکچرز کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ان کے لیکچرز دلچسپی سے سنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام کے امن کے پیغام کو دنیا تک پہنچا کر ایک اہم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ ساتھ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے۔ وزیراعظم نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔