راولپنڈی: بانی تحریک انصاف عمران خان کی تیسری بہن نورین خانم نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کا عندیہ دے دیا۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین خانم نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خیال ہے لوگوں کو ڈرا کر بھگا دینگے، لیکن ان سے کوئی نہیں ڈرتا۔
انہوں نے کہا کہ میری دونوں بہنوں کو ریڈ زون سے خالی ہاتھ پکڑا ہے،یہ میری بہنوں کو بھی سزا دینگے حالانکہ ان کی سزا بنتی نہیں ہے، ان کا خیال ہے ایسا کرنے اور سب کو پکڑ لینے سے احتجاج ختم ہوجائے گا، انہوں نے جو ظلم کیا ہے لوگ اب خود اپنا احتجاج لیڈ کریں گے۔
نورین خانم کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ لوگ چلے گئے ہیں لیکن وہ اب زیادہ زور سے آئیں گے، پی ٹی آئی قیادت آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے میں لگی ہوئی ہے۔
نورین خانم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے یہ جب تک ہمیں خان صاحب سے ملنے نہیں دیتے ہم جیل کے باہر بیٹھیں گے، انہیں روکنے کا اور کوئی طریقہ نہیں سوائے اس کے کہ ہم سب یہاں بیٹھ جائیں اور دھرنا دیں، ابھی میں اپنی گرفتار بہنوں سے ملاقات کرنے کیلئے جا رہی ہوں، بعد میں جیل کے باہر آکر دھرنا دینے کا سوچ رہی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا بھائی، میری بہنیں اور میرا بیٹا بھی سوا سال سے جیل میں ہے، دراصل انہوں نے آئین میں جو ترمیم کرنی ہے اس میں گنتی پوری کرنی ہے۔