Enter your email address below and subscribe to our newsletter

سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ہمیں امن کے لئے یک آواز ہونا پڑے گا، ایمل ولی خان

Share your love

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ امن کے لیے ہم نے اپنی سیاست قربان کرکے جانوں کے نذرانے دیے ہیں۔سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ہمیں امن کے لیے یک آواز ہونا پڑے گا۔

اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے وزیراعلی ہاؤس میں جرگے میں شرکت کے بعد جاری بیان کہا گیا کہ پختون سرزمین پر امن کے لیے ہر در پر جانے اور ہر کسی کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ داران کو بتا دیا ہے کہ زبردستی ہوگی تو حالات مزید خراب ہوں گے، پختون قوم اطمینان رکھے، ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی، پہلے بھی امن کے لیے اپنی جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن ہی کی خاطر آج اے این پی وزیراعلی ہاؤس میں منعقدہ جرگے میں بھی شریک ہوئی، پچھلے 12 برسوں میں آج پہلی دفعہ امن کے لیے خیبر پختونخوا کا وزيراعلیٰ ہاؤس دیکھا۔

مرکزی صدر اے این پی نے کہا کہ اپنے طور پر اسلام آباد میں بھی اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے اپنی کوششیں کی ہیں، وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ جرگہ صوبائی سطح پر تھا لیکن بات امن کی تھی تو ضروری سمجھا کہ خود شرکت کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے ہم نے اپنی سیاست قربان کرکے جانوں کے نذرانے دیے ہیں، اگر آج کا جرگہ سیاسی لوگوں کے درمیان پہلے ہوتا تو حالات یہاں تک نہ پہنچتے، ڈنڈے اور طاقت کے دم پر ہر بات نہیں منوائی جاسکتی ہے، اس طرح کے اقدامات سے تشدد کو فروغ ملے گا، جس کا کوئی بھی متحمل نہیں ہوسکتا۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ہمیں ادراک کرنا ہوگا کہ مذاکرات اور بات چیت ہی مسائل کا حل ہے، سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ہمیں امن کے لیے یک آواز ہونا پڑے گا، سیاست ہوتی رہے گی لیکن مسئلہ قوم کی بقا کا ہے اور حل ہر صورت نکالنا ہوگا۔

Share your love

Stay informed and not overwhelmed, subscribe now!