اسلام آباد:کے پی حکومت نے خیبر پختونخوا ہاوٴس ڈی سیل نا کرنے پر ڈائریکٹر سی ڈی اے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں متعلقہ فریق کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
کے پی حکومت نے عدالتی حکم عدولی پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں کہا ہے کہ عدالت نے گزشتہ روز کے پی ہاوٴس ڈی سیل کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کا 10 اکتوبر کا آرڈر لے کر کے پی ہاوٴس ڈی سیل کرنے کے لیے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کیا مگر عدالتی حکم بتانے کے باوجود اس پر کوئی توجہ نا دی گئی اور عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریقین عدالتی حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں، حکم عدولی توہین عدالت ہے، استدعا ہے کہ متعلقہ فریق کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت سے ڈائریکٹر سی ڈی اے جاوید فیروز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے خیبر پختونخواہ ہاوس سیل کرنے کا سی ڈی اے اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔