لاہور: آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق سعود شکیل 20 درجے ترقی کے بعد 7 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بابر اعظم بھی ایک درجہ ترقی پا کر 19 ویں سے 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
سعود شکیل نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی 5 اننگز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 280 رنز سکور کیے تھے۔
ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے جوروٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا دوسرا نمبر ہے، بھارت کے نوجوان بیٹر یشسوی جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی 6 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، راچن رویندرا 8 درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔