مشی گن:امریکی ریپبلکن صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے تنازعے کو ختم کیا جائے جبکہ ریاست مشی گن کے عرب اکثریتی آبادی والے شہر ڈیربورن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی کے دوران فلسطین کی آزادی کے لیے نعرے بلند ہو گئے.
امریکی انتخابات میں چند روز باقی رہ گئے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں ہی امیدوار فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلیے زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو اپنی جانب مائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ انتخابی مہم کی گہما گہمی بھی عروج کو پہنچی ہوئی ہے.
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشی گن کے عرب اکثریتی شہر ڈیربورن میں ڈیموکریٹس کی مشرق وسطی پالیسی پر ناراضگی کے باعث ووٹرز کی رائے منقسم ہے، اس لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران بھی سڑکوں پر جمع ہجوم میں یو ایس اے اور فلسطین کی آزادی کے نعرے سنائی دیتے رہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مقامی ووٹر کا کہنا ہے کہ مشی گن کے میدان میں مسلمان ووٹرز ہار اور جیت کا فرق پیدا کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق غزہ جنگ پر بائیڈن انتظامیہ کے موقف سے ناراض عرب ووٹرز کے علاقوں میں کملا ہیرس کو روایتی ڈیموکریٹ ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ عرب نژاد امریکیوں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔