اسلام آباد:اسلام آباد کی وکلا تنظیموں کی ہڑتال کی کال کے دوران نئے آنے والے ججز کی کاز لسٹ اور نام کی تختیاں لگا دی گئی اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ تین ججز کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی کال پر وکلا کی ہڑتال جاری ہے۔
تین ججز تبادلے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی کال پر وکلا کی ہڑتال جاری ہے، ہائیکورٹ بار کے صدر ریاست آزاد وکلا کو عدالت پیش ہونے سے روک رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعینات نئے ججز کی کاز لسٹ آویزاں کردی گئیں، جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کی کاز لسٹ آویزاں کی گئی جن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کے پاس تین جسٹس محمد آصف کے پاس دو کیسز آج مقرر ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے کورٹ کا آغاز کر دیا، تلاوت کلام پاک سے کورٹ کا آغاز ہوا، ڈپٹی اٹارنی جنرل عبد الخالق تھند نے بتایا کہ میں لا افسر ہوں آپ کو ویلکم کرتا ہوں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بھی نئے جج کو خوش آمدید کہا، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آفس سے بھی سرکاری وکیل نے اپنا تعارف کرایا۔
جسٹس سرفراز ڈوگر نے شکریہ ادا کیا اور 3 کیسز کی سماعت کی، لا افسران سرکاری وکلا کے علاوٴہ کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
دوسری جانب تین ججز کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی کال پر وکلا کی ہڑتال جاری ہے، ہائیکورٹ بار کے صدر ریاست آزاد وکلا کو عدالت پیش ہونے سے روک رہے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد کا کہنا تھا کہ وکلا پیش نا ہوں آج بار ہڑتال ہے۔
ادھر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء کی ہڑتال اور کنونشن کے موقع پر ڈسٹرکٹ کورٹس میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوسری ہائیکورٹس سے تین ججز کے تبادلے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج 80 فیصد سے زائد کیسز میں وکلا پیش نہیں ہوئے، لا افسران سرکاری وکلا اور درخواست گزار خود عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، ججز تبادلے کے خلاف ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے آج مکمل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں ایک کیس سماعت کے لیے مقرر تھا، جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں کچھ کیسز میں وکلا، کچھ میں درخواست گزار خود پیش ہوئے، وکلا پیش نا ہونے پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی کیسز کی لسٹ جلدی ختم ہو گئی۔
جسٹس طارق جہانگیری کی عدالت میں بھی کیسز زیادہ تر وکلا کی عدم پیشی پر ملتوی کردیے گئے، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں بھی زیادہ تر وکلا پیش نہیں ہوئے ، جسٹس بابر ستار کی عدالت میں ہڑتال کے باوجود کچھ وکلا پیش ہوئے، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت میں بھی بہت کم تعداد میں وکلا پیش۔ہوئے۔
علاوہ ازیں جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس اعظم خان کی عدالت میں وکلا پیش ہوئے، جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالت میں صرف لا افسران پیش ہوئے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچستان سے ٹرانسفر ہونے والے جسٹس محمد آصف کی کیسز کی کاز لسٹ جاری کردی گئی، تاہم جسٹس محمد آصف تاحال اسلام آباد نہ پہنچے
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس محمد آصف کی دن ایک بجے فلائٹ ہے، ان کی عدالت میں دو کیسز سماعت کے لیے مقرر کئے گئے، جسٹس آصف کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے عملہ دے دیا گیا۔