راولپنڈی:تحریک انصاف کے رہنماء و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی ضمانت عدالت نے خارج کردی اور انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج و لانگ مارچ کے 2 مقدمات میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی عبوری ضمانت درخواستیں خارج کر دیں۔
عدالت نے دونوں کیسز میں پولیس کو عمر ایوب کی گرفتاری کی اجازت بھی دے دی جب کہ 26 نومبر احتجاج کے کیسز میں گرفتار 27 کارکنوں کی ضمانتیں بھی منظور کر لیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 24 اور 26 نومبر کے احتجاج کیسز میں گرفتار ملزمان کی ضمانت درخواستوں کی سماعت کی۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان تھانہ حسن ابدال کے دونوں کیسز میں طلبی باوجود پیش نہیں ہوئے جب کہ ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان بھی عدالت نہیں آئے، جس پر ان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دی گئیں۔
پی ٹی آئی کی 2 خواتین رہنماوٴں صنم جاوید اور مشال یوسفزئی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 22 مارچ تک توسیع کر دی گئی اور 27 کارکنوں کی ضمانت درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔