کابل:افغانستان میں قید 79 سالہ برطانوی شہری پیٹر رینالڈز گزشتہ فروری سے اپنی اہلیہ باربی کے ساتھ نظر بند ہیں، وہ کہتے ہیں کہ جیل جہنم سے قریب ترین چیز ہے جس کا میں تصور کر سکتا ہوں۔
طالبان کے ہاتھوں 9 ہفتوں سے اسیر رہنے والے برطانوی شہری نے کہا کہ وہ کابل کی ایک جیل میں انتہائی سنگین حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔
افغانستان کی پل چرخی جیل سے ایک فون کال کی ریکارڈنگ میں 79 سالہ پیٹر رینالڈز نے اپنی اہلیہ باربی کی حفاظت کےلیے اپنے خوف کے بارے میں بھی بات کی، جنہیں جیل کے خواتین کے حصے میں رکھا گیا ہے۔
رینالڈز نے سنڈے ٹائمز کے ساتھ شیئر کی گئی ریکارڈنگ میں کہا کہ میں ہتھکڑیوں اور ٹخنوں کے کفوں کے ذریعے عصمت دری کرنے والوں اور قاتلوں کے ساتھ شامل ہوگیا ہوں، جس میں ایک ایسا شخص بھی شامل ہے جس نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو قتل کردیا تھا۔
رینالڈز نے کہا کہ وہ ایک پنجرے میں بند ہیں، لیکن انہوں نے اپنے حالات کو اس کے مقابلے میں وی آئی پی حالات قرار دیا جہاں ان کی اہلیہ کو رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا وزن کم ہو گیا ہے اور اسے دن میں صرف ایک وقت کھانا ملتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ دونوں عمر رسیدہ میاں بیوی 18 سال سے افغانستان میں اسکولوں میں پراجیکٹ چلا رہے ہیں اور 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے افغانستان میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہیں اس فروری کے آغاز میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے چینی نژاد امریکی دوست، فائی ہال کے کرائے پر لیے ہوئے ایک چھوٹے طیارے میں صوبہ بامیان میں اپنے گھر جا رہے تھے۔
فائی ہال کو بھی حراست میں لیا گیا تھا لیکن ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سمیت سینئر طالبان شخصیات کے سروں سے 10 ملین ڈالر کے انعامات اٹھانے کے بعد انہیں گزشتہ ہفتے کے آخر میں رہا کر دیا گیا تھا۔
رینالڈز نے کہا کہ جب انہیں حراست میں لیا گیا تو انہیں ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ طیارے کے پاس لینڈنگ کی مناسب اجازت نہیں ہے اور انہیں رہا کر دیا جائے گا۔
تاہم انہیں رہا کرنے کے بجائے ان کے فون ضبط کر لیے گئے اور انہیں کابل میں وزارت داخلہ منتقل کر دیا گیا، جہاں دونوں کو الگ کر دیا گیا اور پھر پل چرخی جیل میں بند کر دیا گیا۔