غزہ :غزہ کے مختلف علاقوں پر جاری اسرائیلی فضائی حملوں اور توپ خانے کی شیلنگ نے ایک بار پھر انسانی جانوں کا بھاری نقصان کیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق، اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں میں مزید 144 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں اور عام شہریوں کی ہے۔
خان یونس کے وسطی علاقے میں خوراک کی تلاش کے لیے نکلے فلسطینیوں کو اسرائیلی ٹینکوں نےگولہ باری سے نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔
اقوامِ متحدہ نے ان حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی مراکز کو نشانہ بنایا جانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے اونروا نے ایک بار پھر اس خطے میں محفوظ، مؤثر اور وسیع پیمانے پر امدادی نظام کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے اور انسانی بحران کو کم کیا جا سکے۔