خانکندی:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارتی اقدامات کامقصدعلاقائی امن کو نقصان پہنچانا تھا۔بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کر نے دینگے۔بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرے۔پاکستان، ایران اور فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔عالمی منظرنامےمیں ٹیکنالوجیکل تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں۔ علاقائی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کیلئےٹیکنالوجی کی ترقی ناگزیز ہے۔موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہےملکر نمٹنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانکندی میں ای سی او کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کانفرنس میں شریک رہنمائوں اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے آذربائیجان کےصدر الہام علییوف کو 17ویں ای سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اورای سی او ممالک میں تعاون کے فروغ ، تنظیم کی انتھک کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی حالیہ عالمی صورتحال میں ٹیکنالوجیکل تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جس سے باہمی انحصار فروغ پارہا ہے اور بڑھتے ہوئی عالمی روابط، علاقائی تعاون مسائل کے حل سمیت اقتصادی تقسیم کے خاتمہ او ر مشترکہ خوشحالی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔
اقتصادی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک بدقسمت واقعے کے بعد بھارت نے غیر ذمہ داری کا مظاہر کیا ۔دنیا نے ہماری عوام اوربہادر افواج کے پختہ عزم کامشاہدہ کیا۔پانی زندگی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بدامنی پیدا کرنیوالی قوتیں اپنےمقاصد کیلئے خطےمیں عدم استحکام چاہتی ہیں۔پاکستان، ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور غزہ میں صیہونی فوج کی بر بریت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ای سی او رکن ملکوں کوبھی موسمیاتی تبدیلیوں کے گہرےاثرات کا سامناہے۔ پگھلتے گلیشیرز، شدید گرمی ، تباہ کن سیلاب اور دیگر چیلنجز کا باعث ہیں۔ ملکر ان چیلنجز سے نمٹنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کوریڈورز اور ایکو ٹورازم کے لیے اقدامات تیز کرنا ہوں گے۔ای سی او ٹرانسپورٹ کوریڈورز کا آغازخوش آئند ہے۔ اس سے علاقائی سیاحت کو فروغ کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں اور روابط کو فروغ حاصل ہو گا۔ تاریخ، ثقافت اور پکوان کے سنگم لاہور کو 2027 کیلئے ای سی اوسیاحت کا دارالحکومت قرار دینے پر مشکور ہیں۔ لاہور ہمارے تمام مہمانوں کو مسحور کر دے گا۔