اسلام آباد:این ڈی ایم اے کے این ای او سی 23 تا 30 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال، بارشوں ا ور ممکنہ سیلابی صورت پر الرٹ جاری کر دیا ۔
این ای او سی کے مطابق پاکستان میں تین بارش برسانے والے موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں جس کے زیر اثر 23 تا30 اگست کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
جاری الرٹ کے مطابق 23 تا 25 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں اس دوران شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے ۔
پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم،میانوالی،، خوشاب، سرگودھا،سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشیں متوقع ہیں ۔لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، نارووال، تلہ گنگ اور چکوال میں سیلابی صورتحال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔
این ای او سی کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں بہاؤ تیز ہونے کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے اس دوران خیبرپختونخوا میں 23تا27 اگست تک ممکنہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کا خطر ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں شدید بارشیں متوقع ہیں اورصوابی، مردان،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ، نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
این ای او سی کاکہناہے کہ آزاد کشمیر میں مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں ممکنہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ ہے ۔علاوہ ازیں 23تا27 اگست کے دوران گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گانچھے اور شگر میں شدید بارش کا امکان ہے اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ، سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
این ای او سی کے مطابق سندھ کے ساحلی اضلاع بشمول کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں 27 تا30 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے ۔ سندھ میں حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیرآباد میں بھی بارشیں متوقع ہیں ۔
جاری الرٹ کے مطابق بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، خضدار، آواران، قلات، گوادر، تربت، کیچ اور پنجگور میں طوفانی ہواؤں سمیت موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں 24 تا 25 اور 27 تا 30 اگست وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں ا س دوران ڈیرہ مراد جمالی، استامحمد، ڈیرہ بگٹی، آواران، لسبیلہباکھان، نصیر آباد، کیچ اورلہری میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔
این ای او سی کے مطابق ڈیموں میں مزید پانی کی گنجائش نہ ہونے کے باعث دریاؤں کے پانی کے اضافہ متوقع ہے ۔دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5لاکھ کیوسک تک کی توقع ہے ۔ دریائے راوی اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے ۔
الرٹ میں مزید بتایاگیاہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو حکام سے رابطہ کریں۔متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ممکنہ طور پر مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ سیاح حضرات سے التماس ہے کہ ممکنہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔