اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشنز پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان آپریشنز میں 19 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ قوم کو ان بہادر سپاہیوں پر فخر ہے جو ملک کی حفاظت کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جنہیں پوری قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاءاللہ قوم کی حمایت سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔