اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ریل سروس کے آغاز کے منصوبے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے صدر اسٹیشن راولپنڈی تک ریل منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سمیت اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں طے پایا کہ ٹریک وزارت ریلوے فراہم کرے گی جبکہ ریل سروس کا انتظام سی ڈی اے سنبھالے گی۔ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر دستخط کیے جائیں گے۔ مزید برآں، ریل سروس کے لیے جدید ٹرین درآمد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ اس منصوبے سے جڑواں شہروں کے درمیان صرف 20 منٹ میں تیز اور آرام دہ سفر ممکن ہوگا جبکہ ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کے عوامی ریلیف کے وژن کا عکاس ہے اور اس کی تکمیل سے ہزاروں شہریوں کو جدید، معیاری اور محفوظ سفری سہولت میسر ہوگی۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ یہ ٹرین سروس شہریوں کے لیے کم خرچ اور تیز رفتار سفری سہولت ثابت ہوگی اور سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی آئے گی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ریلوے، چیئرمین سی ڈی اے، کمشنر راولپنڈی، کمانڈنٹ و ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔