خضدار:بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں فتنہ الہندوستان کے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں بڑی تعداد میں گراؤنڈ فورسز اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب تک سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے سات دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ دس دہشت گردوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈیز، ٹرانسمیٹرز، امریکی ساختہ خودکار ہتھیار، دستی بم اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے فتنہ ہندوستان کی طرف سے بدوکشت کے علاقے میں مرکزی پل پر نصب کی گئی بارودی سرنگ کو بھی کامیابی سے ناکارہ بنا دیا ہے۔
زہری کے ملحقہ پہاڑوں میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گروں نے مقامی آبادی کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا تھا۔ مقامی آبادی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے زہری اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے ان دہشت گردوں کے خلاف یہ آپریشن شروع کیا ہے جو ان کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔