اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی عوام کو حقائق تک رسائی فراہم کرتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقامی کارروائیاں دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔ انہوں نے اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اُن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ایسے تمام اقدامات کر رہی ہے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی مؤثر تفتیش، انصاف کی فراہمی، اور مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔