اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہےکہ پاکستانی بندرگاہیں ،کرغزستان کو اپنی مصنوعات کی عالمی منڈیو ں تک رسائی کے لیے اہم کردار اداکر سکتی ہیں کرغز سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔پاکستان کرغزستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کرغز صدر صادر ژاپاروف نے کہاکہ ریل اور سڑک کے ذریعے رابطوں سے دونوں ملکوں کے مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی۔
اسلام آباد میں ہونیوالے پاکستان کرغزستان بزنس فورم میں مختلف شعبو ں سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی 83 کاروباری کمپنیوں جبکہ کرغزستان کے تاجروں کے بیس رکنی وفد نے شرکت کی۔ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوستی کے رشتے کو مضبوط معاشی شراکت داری کے رشتے میں بدلنا چاہتاہے۔ انہوں نے کہاکہ وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان ریلوے ٹریک کا منصوبہ نئے معاشی امکانات کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کےلیے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔ کاسا ایک ہزار منصوبے کی جلد تکمیل کےلیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور اے آئی میں تربیت دی جارہی ہے۔
کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے کہاکہ کرغزستان یورپ اور ایشیا کے درمیان مصنوعات کی رسائی میں پل کا کردار ادا کر سکتاہے ۔پاکستانی تاجروں کےلیے کرغز ستان میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔چین کرغزستان،ازبکستان ریلویے منصوبہ خطے کی معاشی خوشحالی میں اہم کر دار ادا کرے گا۔معاشی شعبے میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے صدر ژاپاروف نے بتایاکہ ملک میں توانائی ، زراعت ،معدنیات اور لاجسٹک میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں ۔
پاکستان کرغزستان بزنس فورم کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارتی حجم میں اضافے کےلیے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان کرغزستان نے آئندہ دو سال کےلیے باہمی تجارتی حجم کو بیس کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیاہے۔