اسلام آباد: وزیراعظمِ پاکستان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے قائم بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور اس حوالے سے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ مسئلۂ فلسطین کا دیرپا اور منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے، جس کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں مستقل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے عالمی سطح پر ہونے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔