لاہور:پاکستان نے شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کے باعث پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو22رنز سے شکست دے دی۔پاکستان نے 2018کے بعد آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ جیتا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20اوورزمیں 8وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے۔پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہونے کے بعدصائم ایوب اور سلمان علی آغا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 74رنز کا اضافہ کیا۔صائم ایوب نے 22گیندوں پر 40رنز کی اننگز کھیلی۔سلمان علی آغا نے 27گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 39رنز سکور کئے۔بابراعظم نے 24، عثمان خان نے 18 اور فخر زمان نے 10رنز جوڑے۔آسٹریلیا کی جانب سے ’’ایڈم۔زمپا‘‘ نے 4وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 20اوورزمیں 8وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بناسکی۔کیمرون گرین 36رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ٹریوس ہیڈ نے 23 اور ’’میٹ۔رینشا‘‘ نے 15رنز سکور کئے۔’’زاوئیر۔بارٹلیٹ‘‘ 34رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔محمد نواز اور شاداب خان کے حصے میں 1،1وکٹ آئی۔دوسرا میچ ہفتہ کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز پی ٹی وی سپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست دکھائی جارہی ہے۔