اسلام آباد:یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزارتِ دفاع کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ان کی جائز جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
تقریبات کے سلسلے میں، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد علی ہلالِ امتیاز (ملٹری) (ریٹائرڈ) کی رہنمائی میں وزارتِ دفاع کے زیرِ اہتمام دو یکجہتی واکس منعقد کی گئیں۔ ایک واک وزارتِ دفاع کے احاطے میں منعقد ہوئی، جبکہ دوسری واک کشمیر افیئرز ڈویژن کے زیرِ اہتمام ڈی چوک میں ہونے والی مرکزی ریلی میں شامل ہوئی۔ وزارتِ دفاع کے افسران اور عملے نے ان واکس میں شرکت کر کے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید برآں، کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے طلبہ میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے وفاقی سرکاری (ایف جی) اسکولوں میں ملک بھر کی ایف جی ڈائریکٹوریٹس کے زیرِ انتظام مباحثوں اور کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، قانونی حیثیت اور انسانی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
سیکرٹری دفاع کی رہنمائی میں ملک بھر کی چھاؤنیوں میں پینا فلیکسز اور بینرز آویزاں کرنے کے انتظامات بھی کیے گئے، جن کے ذریعے کشمیر یکجہتی کے دن کی اہمیت اور کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف کو نمایاں کیا گیا۔
پاکستان، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق، کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھنے کے عزم پر ثابت قدم ہے جب تک ان کے جائز حقوق کا حصول ممکن نہیں ہو جاتا۔